محترم قارئین و سامعین کرام ~ السَّلامُ عَلَيْكُم ورَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُهُ: ہم آپ کے سامنے سیرت النبیﷺانٹرنیشنل فورم کے پلیٹ فارم سے حاضر ہیں۔
سیرت النبی ﷺانٹرنیشنل فورم کا منشور صرف یہ ہے کہ دنیا کے ہر انسان (مسلم یا غیر مسلم) تک ہم اپنے پیارے اور محترم حضور نبی کریمﷺ کی سیرت کا پیغام پہنچا کر ان کے اندر حضور نبی کریمﷺ کی سیرت کے بارے آگاہی پیدا کر کے، دلوں میں محبت رسولﷺ کو پیدا کرنا اور ان کی روح کو نور ایمان سے منور کرنا ہے۔
ہم اللہ پاک کی توفیق کے مطابق آپ تک بہتر سے بہتر مواد کے ذریعے سیرت کا پیغام پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ جس کا مواد قرآن کریم، صحاح ستہ، کتب تفاسیر، کتب سیرت اور کچھ متفرق کتب سے لیا جاتا ہے۔
چونکہ سیرت فورم ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے۔ اس لیے اس میں ہر مسلک کے معتبر علماء کرام موجود ہیں۔ جن کی سرپرستی میں یہ فورم منزل کی جانب رواں دواں رہے گا۔
سیرت النبیﷺ انٹرنیشنل فورم کی جانب سے اس سلسلے میں روزانہ ایک قسط تحریری، پی ڈی ایف اور آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کی شکل میں پبلش کی جاتی ہے۔ تاکہ جو پڑھ سکتے ہیں وہ پڑھ لیں اور جو پڑھنا لکھنا نہ جانتے ہوں، وہ سن کر اپنے ایمان کو عزیمت بخش سکیں۔
سیرت النبیﷺ پر جو آرٹیکل پبلش کیے جائیں گے، وہ فی الحال صرف اردو اور انگلش زبانوں میں پبلش کیے جائیں گے، لیکن مستقبل میں تمام میجر زبانوں کو بھی اس سلسلے میں شامل کیا جائے گا۔ تاکہ دنیا کے ہر انسان تک سیرت کا پیغام پہنچا کر حضور نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ سے روشناس کرایا جا سکے اور قلب میں الفت رسولﷺ پیدا کی جا سکے۔ ان شاءاللہ
سیرت النبیﷺ کو بیان کرنا ویسے تو ہماری دانست اور قوتوں سے باہر ہے کیونکہ
جس کا مداح اور ثناخواں خود اس کا پروردگار ہے۔
قرآن کریم کے صفحات جس کی عظمت و بزرگی کے ذکر سے جگمگا رہے ہیں۔
سارے جہانوں کا خداوند ذوالجلال والاکرام جس پر صلوٰۃ وسلام کے بیش بہا موتیوں کی بارش برسا رہا ہے۔
ملٔاِ اعلیٰ کے نوری فرشتے جس پر ہر لحظہ درود و تحیات کے مہکتے پھول نچھاور کر رہے ہیں۔
جس کے خُلق کو اس کے خالق نے عظیم کہا۔
جس کے اسوہ کو اس کے رب نے حسین فرمایا۔
زبان قدرت نے جس کو رحمت للعالمین فرما کر اپنی ساری مخلوق سے روشناس کرایا۔
جو بلا امتیاز سب کا تھا اور تا ابد سب کا رہے گا۔
لیکن بیماروں اور رنجوروں، ناداروں اور بیکسوں، خستہ حالوں اور شکستہ دلوں، خطا کاروں اور عصیاں شعاروں پر اس کا سحاب لطف و کرم جب برستا ہے تو اس کی ادا ہی نرالی ہوتی ہے۔
مطلع رشد و ہدایت پر جس کا آفتاب رسالت، نور افشانی کر رہا ہے اور تا ابد کرتا رہے گا۔
جس کے بحر جود و سخا کی خشک اور شیریں موجیں ، تشنگان ہر دو عالم کو سیراب کر رہی ہیں اور تا ابد سیراب کرتی رہیں گی۔
جس کے در رحمت پر صدا لگانے والا فقیر نہ کبھی خالی لوٹا ہے اور نہ قیامت تک کوئی خالی لوٹے گا۔
اے رحمت العالمین!
اے سلطان حسینان جہاں!
اے سرور اورنگ نشینان عالم!
ہم مفلس فقیر عاجزانہ طور پر خالی جھولی لے کر تیرے حسن و جمال کی خیرات لینے کے لئے حاضر ہیں، اور ارمغان عقیدت و محبت پیش کرنے کے آرزومند ہیں، اے ہمارے ذرہ پرور آقا! از راه بندہ نوازی اسے قبول فرمائیے۔ اور اپنے ان حقیر سے غلاموں کے دامن تہی کو اپنے سچے عشق اور پکی غلامی کی نعمت عظمیٰ اور دولت سرمدی سے بھر دیجئے۔
🌹سیرت النبی ﷺ کی اقساط روزانہ کی بنیاد پر تسلسل سے پڑھئیے گا اور اسے دوسروں تک پہنچا کر صدقہ جاریہ کا حصہ بنئیے گا، اگر کسی تحریر میں کوئی غلطی ہو جائے تو اس کے لیے پیشگی معذرت خواہ ہیں، لیکن ہم اصلاح کے لیے شکر گزار ہونگے اور آپ کی دعاوں کے طلب گار ہونگے~جزاک اللہ خیر🤲